صوابی: خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد ضلع صوابی میں پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں اب تک پی ٹی آئی کے 169 کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں مزید کارروائیاں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق گرفتاریاں شیوہ اڈہ, یارحسین, رزڑ, صوابی خاص, ٹوپی, لاہور اور گدون سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں کی گئیں۔ زیر حراست افراد میں پی ٹی آئی کے متعدد مقامی عہدیداران اور سرگرم کارکن بھی شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کو لانگ مارچ کی تیاریوں اور امن و امان میں خلل پڑنے کے خدشے کے پیش نظر حراست میں لیا گیا ہے۔
دوسری جانب ضلع بھر میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ حکام نے مزید گرفتاریوں کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔











