اسلام آباد: پاکستان کے مجموعی سرکاری قرضوں میں ایک سال کے دوران 6 ہزار 200 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد جون 2026 کے اختتام پر قرضوں کا حجم 90.98 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا۔
وزارت خزانہ کے اعدادوشمار کے مطابق جون 2025 کے اختتام پر پاکستان کے مجموعی سرکاری قرضے 84.8 ٹریلین روپے تھے جو ایک سال کے دوران بڑھ کر 90.98 ٹریلین روپے ہوگئے۔ اس طرح 12 ماہ کے دوران قرضوں میں 6.2 ٹریلین روپے کا اضافہ ہوا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے مالی سال 2027 سے 2029 کے لیے مرتب کردہ قرضوں کی پائیداری کے تجزیے میں قرضوں کے حجم اور ان کے رجحان کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جون 2026 کے اختتام تک مجموعی سرکاری قرضوں اور حکومت کی جانب سے ضمانت فراہم کردہ قرضوں کی مالیت 90.98 ٹریلین روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ حجم 84.8 ٹریلین روپے تھا۔
دوسری جانب قرضوں کے حجم میں اضافے کے باوجود مجموعی سرکاری قرضوں کا جی ڈی پی سے تناسب کم ہوکر 72 فیصد رہ گیا ہے۔











