اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل، ہائیکورٹ نے حکم امتناع میں توسیع کردی

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات روکنے کے حکم امتناع میں 2 ہفتے کی توسیع کردی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول معطل کردیا۔

جسٹس عمیر مجید ملک نے بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حکم امتناع کے بعد اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کردیا گیا ہے۔

جسٹس عمیر مجید ملک نے حلقہ بندیوں سے متعلق استفسار کرتے ہوئے کہا کہ ایک وارڈ میں صرف 2 ووٹرز ہیں تو وہاں انتخابات کیسے ہوں گے؟ انہوں نے ریمارکس دیے کہ حلقہ بندیوں کا عمل 2015 کے قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ حلقہ بندیوں سے متعلق تفصیلی حکم جاری کیا جاچکا ہے اور اس حوالے سے 6 مرتبہ کارروائی کی گئی ہے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن سے حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونے سے متعلق تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں