گورنر راج مانتے ہیں نہ ایمرجنسی، سہیل آفریدی نے لکی مروت سے لانگ مارچ کا آغاز کردیا

لکی مروت:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے گنڈی چوک لکی مروت سے لانگ مارچ کے پہلے مرحلے کا آغاز کردیا۔

شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی قبول نہیں کریں گے اور صوبے میں عمران خان کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں عمران خان کا وژن اور پالیسی چلے گی اور پشتونوں کے نقصان والی کوئی پالیسی قبول نہیں کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کوئی آپریشن نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق وفاقی حکومت نے 22 سال سے صوبے کو لیبارٹری بنایا ہوا ہے اور دوبارہ دہشت گردی مسلط کی گئی ہے جس کی آگ وہ خود بجھائیں گے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا نے وفاق کو ایسی پالیسی دی ہے جس پر عملدرآمد سے 100 دن میں امن آسکتا ہے تاہم وفاق کی نیت امن کے بجائے پی ٹی آئی کو ختم کرنا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کے دور میں امن تھا اور رجیم چینج کے بعد دوبارہ دہشت گردی مسلط کی گئی۔ انہوں نے عوام سے لانگ مارچ میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کرک میں عوام کا سمندر ہوگا اور صوابی پہنچنے تک لاکھوں افراد قافلے میں شامل ہوں گے۔

سہیل آفریدی کے مطابق لانگ مارچ کا اگلا اسٹاپ کرک جبکہ اس کے بعد کوہاٹ ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں