طاقتوروں کو ایبسلوٹلی ناٹ کہہ دیا، سہیل آفریدی

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کسی غلط پالیسی کا حصہ نہیں بنے گی اور طاقتور حلقوں کو ایبسلوٹلی ناٹ کہہ دیا ہے۔

کرک میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسلط کی گئی۔ ملٹری آپریشنز اور ڈرون حملوں کے باعث عوام بے گھر اور کاروبار تباہ ہو رہے ہیں جبکہ بے گناہ شہریوں پولیس اہلکاروں اور فوجی جوانوں کی جانیں جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر اپنے عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ناسمجھی ہے تو وہ یہ ناسمجھی بار بار کریں گے۔ ان کے مطابق غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک تقسیم ہورہا ہے اور خیبرپختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہیں صوبائی حکومت کو غلط پالیسی کا حصہ بنانے پر مجبور کیا جارہا ہے تاہم وہ عمران خان کے کھلاڑی ہیں اور عوام کے مفاد کے خلاف کسی پالیسی کو قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام کی بڑی تعداد عمران خان کے ساتھ ہے اور وہ ملک کو موجودہ صورتحال سے نکال سکتے ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر سے کراچی تک لوگ اسلام آباد جانا چاہتے ہیں اور حکومت کو عوام کے جمہوری مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو پالیسی عوام کے مفاد میں نہیں ہوگی اس کی مخالفت کی جائے گی۔

انہوں نے کارکنوں اور عوام سے صوابی پہنچنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کا لائحہ عمل وہیں دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں