اسلام آباد: پاکستان کی آٹو انڈسٹری کے لیے نئی آٹو موٹیو پالیسی 2026-31 کے مسودے میں بڑی تبدیلیوں کی تجاویز سامنے آگئی ہیں۔ بین الوزارتی کمیٹی نے گاڑیوں کی قیمتیں کم کرنے، مقامی پیداوار اور ویلیو ایڈیشن بڑھانے اور نئی انرجی گاڑیوں کو فروغ دینے پر توجہ دینے کی سفارش کی ہے۔
مجوزہ پالیسی کے تحت آٹو سیکٹر کو صرف ٹیرف تحفظ پر انحصار کرنے کے بجائے کارکردگی کی بنیاد پر مراعات دینے، برآمدات بڑھانے، مقامی پرزہ جات کی تیاری اور جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی سمت لے جانے کی تجویز دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکومت آٹو موبائل ٹیرف میں بتدریج کمی اور مقامی صنعت کی مسابقتی صلاحیت بڑھانے پر بھی غور کر رہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کو بہتر اور نسبتاً کم قیمت گاڑیاں فراہم کرنے کے ساتھ پاکستان کو عالمی آٹو پارٹس ویلیو چین کا حصہ بنانا ہے۔
پاکستان کی گاڑیوں کی مارکیٹ میں الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ حکومت کی نیو انرجی وہیکل پالیسی کے تحت نئی ٹیکنالوجی اور مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے پر توجہ دی جارہی ہے۔











