ممبئی:بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے کہا ہے کہ 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ سے قبل ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمراہ کا مکمل فٹ ہونا اور مناسب میچ پریکٹس حاصل کرنا انتہائی اہم ہوگا۔
ایک انٹرویو میں گوتم گمبھیر نے کہا کہ جنوبی افریقا میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمراہ بھارتی ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔ ان کی فٹنس کے ساتھ ساتھ ردھم اور مناسب گیم ٹائم بھی ضروری ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہاردک پانڈیا کی آل راؤنڈ صلاحیت انہیں خاص بناتی ہے۔ وہ نمبر 6 یا 7 پر بیٹنگ کرنے کے ساتھ 10 اوورز بھی کرا سکتے ہیں اور یوں میچ پر نمایاں اثر ڈالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
گوتم گمبھیر کے مطابق ہاردک نے آئی پی ایل کے بعد زیادہ کرکٹ نہیں کھیلی۔ ون ڈے کرکٹ میں واپسی کی صورت میں انہیں میچ پریکٹس کی کمی محسوس ہوسکتی ہے۔ ان کے لیے پہلے کچھ ٹی 20 میچز کھیلنے کے بعد ون ڈے فارمیٹ میں آنا مفید ہوسکتا ہے۔
بھارتی ہیڈ کوچ نے کہا کہ ورلڈ کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ میں کسی کھلاڑی کا آدھی تیاری کے ساتھ پہنچنا مناسب نہیں۔ کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ سے پہلے مناسب گیم ٹائم حاصل کرکے بہترین ردھم میں ہونا چاہیے۔
جسپریت بمراہ کے حوالے سے گوتم گمبھیر نے کہا کہ ان کے لیے ون ڈے کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ بھی اہم ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کو یہ طے کرنا ہوگا کہ بمراہ کے لیے کتنا ورک لوڈ اور کتنا گیم ٹائم مناسب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹ میں غلطیوں کی گنجائش بہت کم ہوتی ہے۔ اس لیے ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمراہ کی میچ تیاری اور ورک لوڈ مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہوگا۔











