اسلام آباد۔پاکستانی ٹی وی کی سینئر اداکارہ فریال گوہر نے کینسر, آتش زدگی اور تیزاب گردی سے متاثرہ خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اپنا سر منڈوا لیا۔
اداکارہ نے ڈیپلیکس اسمائل اگین فاؤنڈیشن کے اشتراک سے سر منڈوانے کے بعد اپنی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جس کا مقصد ان خواتین کے مسائل اور مشکلات کو اجاگر کرنا ہے جو بیماری یا حادثات کے باعث اپنی ظاہری شکل میں تبدیلی کا سامنا کرتی ہیں۔
فریال گوہر پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی معروف اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ انہوں نے اپنے طویل فنی کیریئر میں ’بند گلی‘, ’اڑان‘, ’وصال‘, ’چاند گرہن‘, ’کوہکن‘, ’موہنی مینشن کی سنڈریلا‘ اور ’چاندنی راتیں‘ سمیت متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
اداکارہ چند روز قبل بھی خبروں میں رہی تھیں جب انہوں نے اپنی سابقہ ازدواجی زندگی میں مبینہ ذہنی اور جسمانی تشدد کے تجربات پر گفتگو کی تھی۔
اسمائل اگین فاؤنڈیشن نے فریال گوہر کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی حمایت سے تیزاب گردی اور جلنے سے متاثرہ افراد کے مسائل کے حوالے سے آگاہی اور ہمدردی پیدا کرنے میں مدد ملی ہے۔ فاؤنڈیشن نے عوام سے بھی متاثرین کی مدد اور اس مقصد کے لیے عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔











